دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان ہے کہ کرکٹ کے 2027ءاور 2031ءکے ورلڈ کپ مقابلوں میں ایک بار پھر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ چیمپینز ٹرافی ایک مرتبہ پھر بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس میں شریک ہونے والی ٹیموں کی تعداد 8 ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے 2024 سے 2031 تک کے عالمی مقابلوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ’منی ورلڈ کپ‘ کے نام سے مقبول چیمپینز ٹرافی مقابلوں میں ٹیموں کی تعداد 8 ہو گی جو 2025 اور 2029 میں منعقد کئے جائیں گے۔ آخری بار چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2017ءمیں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جس کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کر کے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2019ءکے ورلڈ کپ میں صرف 10 ٹیموں نے شرکت کی تھی اور اس کی فاتح ٹیم میزبان انگلینڈ رہی تھی جبکہ اس سے قبل 2015ءمیں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں شریک ہونے والی ٹیموں کی تعداد 14 تھی تاہم اب 2027 اور 2031ءکے ورلڈکپ مقابلوں میں 14 ٹیمیں شریک ہوں گی اور مجموعی طور پر 54 میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ 2024، 2026، 2028 اور 2030 میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ ہر ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 10کرنے پر خاصی تنقید کی گئی تھی اور ناقدین کا کہنا تھا کہ اس سے کرکٹ کے کھیل کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کی راہ میں رکاوٹ حائل ہو گی۔
دوسری جانب آئی سی سی حکام نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس فیصلے سے ’مس میچ‘ کا خطرہ کم ہے اور براڈ کاسٹرز کی بھی یہی ترجیح ہے تاہم اب ورلڈکپ، ٹی 20 ورلڈکپ میں ناصرف ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے بلکہ اس کی وجہ سے میچز کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے جبکہ کرکٹ شائقین ایک مرتبہ پھر دنیا کی بہترین ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ چیمپینز ٹرافی کا لطف اٹھا سکیں گے۔
ورلڈکپ میں 14 ٹیمیں، ٹی 20 ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں، چیمپینز ٹرافی بھی بحال، آئی سی سی کا بڑا اعلان
10:27 PM, 1 Jun, 2021