لاہور: مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور ایک پولٹری فرم کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم معلومات قبضے میں لے لیں۔
سی سی پی اعلامیہ کے مطابق مسابقتی کمیشن کی دو مختلف ٹیموں نے کارروائی میں حصہ لیا۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے دفتر میں موجود کمپیوٹر سے معلومات قبضے میں لی گئی ہیں۔
مواد برائلر چوزے، مرغی اور انڈوں کی قیمت کی پرائس فکسنگ سے متعلق ثبوت کی فراہمی میں معاون ثابت ہو گا ۔ کمیشن نے برائلر چکن، انڈے اور ایک دن کے برائلر چوزے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر انکوائری کا آغاز کیا تھا۔
سی سی پی کے مطابق پولٹری ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم کو پرائس فکسنگ کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔ مسابقتی کمیشن نے پولٹری سیکٹر سے متعلق ایک اور انکوائری میں ا نیس فیڈ کمپنیوں کو فیڈ پرائس میں مشترکہ اضافے اور کارٹلائزیش پر نوٹس جاری کئے ہوئے ہیں۔