حکومت پاکستان نے دلیپ کمار اور راجکپور کے گھر خرید لئے

07:14 PM, 1 Jun, 2021

پشاور،حکومت پاکستان نے دلیپ کمار اور راجکپور کے گھر خرید لئے ۔ بھارت کے دوبڑے فنکاروں کے مکانات کی ملکیت محکمہ آرکیالوجی خیبر پختونخوا کے نام منتقل کر دی گئی۔

تفصیلا ت کے مطابق  محکمہ آرکیالوجی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پشاور نے دونوں گھروں کے مالکان کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ایوارڈ کا اعلان کر دیا۔جس کے بعد دونوں گھر وں کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کے نام منتقل کردی گئی ۔ 

بالی ووڈ کے اداکار محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار کا گھر پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں موجود ہے۔

دلیپ کمار 1930میں اپنا آبائی گھر چھوڑ کر بھارت کے شہر ممبئی چلے گئے تھے۔جہاں انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا ۔

دلیپ کمار نےممبئی منتقل ہونے کے بعد 1988ء میں اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ 2013ء میں بھارتی اداکار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قراردے  دیا تھا۔

کپور حویلی پشاور کے علاقے دالگران میں واقع ہے جو راجکپور کے والد پرتھوی راجکپور نے بنائی تھی ۔پرتھوی راجکپور کے تین بچے اس حویلی میں پیدا ہوئے جن میں راجکپور ، دویندر کپور اور رویندرکپور شامل ہیں بدقسمتی سے راجکپور سے دونوں چھوٹے بچے  انتقال کرگئے تھے ۔کچھ ماہ بعد ہی پرتھوی راجکپور ممبئی چلے گئے اور وہیں کے ہو کر رہ گئے ۔بھارتی اداکار راجکپورنے کئی مرتبہ اس حویلی کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ شمی کپوراور رشی  کپور بھی اس حویلی کی سیر کرنا چاہتے تھے لیکن صرف ششی کپور ہی اپنی آبائی حویلی کی سیر کرسکے ۔ 

مزیدخبریں