اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پانی کی تقسیم پر اختلافات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر سندھ اور پنجاب میں محاذ آرائی افسوسناک ہے،پانی کی تقسیم حساس معاملہ ہے، غیر ذمہ داری خطرناک ہو سکتی ہے۔ وفاقی حکومت اور ارسا اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔ سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں ہیں۔ عمران خان نیازی وفاقی اکائیوں کے اتحاد اور ملکی سلامتی داو پر نہ لگائیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے ہائیر ایجوکیشن کو دہائیوں پیچے دھکیل دیا گیا۔ گزشتہ روز پشاورمیں جامعات کے اساتذہ اور ملازمین پرتشدد افسوسناک ہے۔ اساتذہ کی تنخواہوں اور پنشن میں کٹوتی پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی داستان ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے کہا تھا کہ دریاؤں میں پانی کی آمد 24 فی صد بڑھ گئی ہے، صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبوں کے حصے میں اضافہ کر دیا۔
ترجمان ارسا کے مطابق ملک میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اتھارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ 28 مئی کو ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی آمد 1 لاکھ 72 ہزار کیوسک تھی جو کہ بڑھ کر 31 مئی کو 2 لاکھ 25 ہزار کیوسک ہوگئی۔