ڈبلیو ایچ او نے عالمی وباؤں سے نمٹنے کی تیاری کے لئے مذاکرات کی دعوت دے دی

04:46 PM, 1 Jun, 2021

جنیوا، عالمی ادارۂ صحت نے آنےوالی وباؤں سے نمٹنے کے لئے عالمی سمجھوتے کے لئے مذاکرات کا کہہ دیا ۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سالانہ اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں مستقبل میں عالمی وباؤں سے بہتر طور پر نمٹنے کی تیاری کی غرض سے ایک نئے بین الاقوامی سمجھوتے پر مذاکرات کرنے کا کہا گیا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کی اسمبلی نے یورپی یونین، جاپان اور دیگر کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کی پیر کے روز ایک وڈیو کانفرنس کے دوران متفقہ منظوری دی۔

مذکورہ قراداد میں کورونا وائرس کی عالمگیر وباء پر عالمی ادارۂ صحت اور دنیا کی حکومتوں کے ناکافی ردعمل کا اعتراف کیا گیا ہے۔ اس میں زور دیا گیا ہے کہ ایک عملی گروپ تشکیل دیا جائے جو مستقبل کے وبائی امراض پر عالمی ادارۂ صحت کے زیادہ ٹھوس ردعمل کیلئے مخصوص ہو۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین نے تجویز دی کہ ایک ایسے نئے سمجھوتے پر بات چیت کو ترجیح دی جانی چاہیے جو مستقبل کی عالمی وباؤں کیلئے تیاری اور ردعمل وضع کرے۔

ایک آزاد پینل کووِیڈ 19 پر عالمی ادارۂ صحت اور حکومتوں کی جانب سے ردعمل کا جائزہ لیتا رہا ہے۔ اس پینل نے عالمی ادارۂ صحت اور حکومتوں کی قانونی ذمہ داریوں کو تقویت دینے کیلئے ایک نئے سمجھوتے کی تجویز بھی دی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت ایک سہ روز جنرل اسمبلی اجلاس منعقد کرے گا جس کا آغاز 29 نومبر کو ہو گا۔ رکن ممالک مجوزہ عملی گروپ کی بات چیت کی بنیاد پر ایک نئے سمجھوتے کے فوائد پر جامع تبادلۂ خیال کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں