اسلام آباد: ملک بھر خصوصاً پنجاب میں کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 3.7 فیصد رہی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47,633 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں ایک ہزار 771 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 22 ہزار 824 تک پہنچ گئی۔
کورونا سے 71 افراد وائرس کے باعث جان کی بازی ہارگئے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 20ہزار 850 ہوگئی ہے۔ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 57ہزار 336ہے جبکہ 8 لاکھ 44 ہزار 638 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 3لاکھ 40 ہزار 110، سندھ میں 3لاکھ 18ہزار 579، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 32 ہزار 822، اسلام آباد میں 81ہزار 257، بلوچستان میں 25ہزار 218،آزاد کشمیر میں 19ہزار 250 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 588 افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔