اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت عمران صاحب لاپتہ ہیں اور صحت کا نظام ٹھیکے پر چل رہا ہے اور حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر قوم کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد 2400 سے زائد ہوچکی ہے اور صرف 12 وینٹی لیٹر کام کررہے ہیں، اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں کل 90 بستر کے کورونا آئسولیشن وارڈ کے سوا اور کوئی انتظام نہیں، لواحقین اپنے کورونا مریضوں کی جان بچانے کے لئے وینٹی لیٹرز کے حصول کی خاطر سفارشیں اور منتیں کرنے پر مجبور ہیں۔
ترجمان (ن) لیگ وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے اسپتال پمز میں 9 وینٹی لیٹرز کام کررہے ہیں، یہ 9 وینٹی لیٹرز پمز میں 80 بستر کے آئیسولیشن وارڈ میں دیگر آئی سی یوز سے منتقل کئے گئے ، سرجیکل آئی سی یو کے 4، میڈیکل آئی سی یو کے 2 اور کارڈیالوجی سرجری آئی سی یو کے 3 وینٹی لیٹرز کورونا وارڈ میں منتقل کئے گئے۔
اسلام آباد کے دوسرے بڑے اسپتال پولی کلینک میں کورونا مریضوں کے لئے صرف 10 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم ہے اور یہاں صرف 4 وینٹی لیٹر ہیں۔
بتایا جائے کہ کورونا مریضوں کے لئے جو وینٹی لیٹر آئے تھے، وہ کہاں ہیں؟ ان وینٹی لیٹرز میں سے اسلام آباد کے اسپتالوں کو کتنے ملے؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کورونا کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر انتظامات اور اقدامات کے بجائے لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالی جارہی ہے۔
حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر قوم کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ، وفاقی وزیر صحت عمران صاحب لاپتہ ہیں اور صحت کا نظام ٹھیکے پر چل رہا ہے، عمران خان سرف پریس کانفرنس، بیانات اور دعوؤں کے ذریعے کورونا کا مقابلہ کررہے ہیں۔