ترک اداکارہ پاکستانی چائے کی شوقین

12:06 PM, 1 Jun, 2020

اسلام آباد :شہرہ آفاق ترکش سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں ’بانو چیچک خاتون‘ کا کردار ادا کرنے والی ترکش اداکارہ ایزگی ایسما پاکستانی چائے کی شوقین ہیں ۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں ایزگی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان آنے کا ارادہ رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان آئیں گی تو یہاں کی چائے ضرور پیئں گی۔انٹرویو کے دوران ایزگی نے قومی زبان اردو کا استعمال بھی کیا.

انہوں نے پاکستانی مداحوں سے اردو میں پوچھا کہ جب میں پاکستان آؤں گی تو کیا وہ مجھے چائے پلائیں گے؟ایزگی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لوگوں اور اس کی ثقافت سے بہت محبت کرتی ہیں، پاکستان اور ترکی کے عوام بالکل ایک جیسے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں پاکستانی مداحوں کے محبت بھرے پیغامات موصول ہورہے ہیں جس کے لیے وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے کئی اعتبار سے پاکستان بالکل ترکی جیسا لگتا ہے، اس لیے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہم دو مختلف ملک ہونے کے باوجود ایک قوم ہیں۔

واضح رہے کہ ایزگی نے شہرہ آفاق ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں مسلمان سپہ سالار ارطغرل کے قریبی ساتھی دوگان بے کی اہلیہ ’بانو چیچک خاتون‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

مزیدخبریں