کراچی:ورسٹائل اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں قتل ہونے والے جبران خان کے لواحقین کو انصاف دیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان لواحقین کو انصاف دلوا کر مثال قائم کریں، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ کچھ بھی کر کے فرار ہو سکتے ہیں، ان کو نہ جانے دیں۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ کتنی آنکھیں سوئیں گی، کتنےچہرے مرجائیں گے، ہر سوال کا جواب احتساب بس، احتساب۔انہوں نے اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان اور شیریں مزاری کو مخاطب کیا ہے، اس کے علاوہ ہیش ٹیگ کے ساتھ ’جسٹس فار جبران‘بھی لکھا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کوئٹہ ایئر پورٹ روڈ پر چمن ہاﺅسنگ سکیم میں دوست نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے دوست محمد جبران خان کو خنجر کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
مقتول اسلام آباد کے نجی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم تھا اور عید منانے کوئٹہ آیا ہوا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔