اسلام آباد: موجودہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بھی مالی سال 2018-19ءکے بجٹ میں سے 63 کروڑ سے زائد بچا لئے جس کی باقاعدہ اطلاع وزارت خزانہ کو کر دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے لئے مختص بجٹ کا 18 فیصد بچالیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم شروع کی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہی ملک کو معاشی بحران سے نکالے گی۔
ہمیں انفرادی سطح پر بہتری کی کوششیں کرنا ہوں گی۔ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گذر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں بجٹ میں بچت خاطر مدارات، سفری اخراجات اور تحائف کی رقوم کی مدوں میں کی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کے اندرون و بیرون ملک دوروں میں کمی کی وجہ سے بھی بچت ہوئی ہے۔