ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی پشاوری چپل کے دیوانے نکلے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر دلعزیز اداکار شاہ رخ خان کو اپنے آبائی شہر پشاور کی خاص ’پشاوری چپل‘ بے حد پسند ہے جو وہ اکثر پہنے نظر آتے ہیں۔ شاہ رخ خان نے پشاور میں مقیم اپنی کزن نورجہاں بی بی سے اپنے اور بیٹے آریان خان کےلئے پشاوری چپل کی فرمائش کی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی کزن نورجہاں بی بی نے بتایا کہ کچھ روز قبل شاہ رخ نے ان سے فون پر رابطہ کیا تھا اور عید کےلئے پشاوری چپل کی فرمائش کی تھی۔ اس بار انہوں نے اپنے بیٹے آریان کےلئے بھی پشاوری چپل کی فرمائش کی تھی، نور جہاں نے شاہ رخ کےلئے کالے رنگ کی جبکہ ان کے بیٹے کےلئے براﺅن رنگ کی چپل خریدی ہے جو کہ پوسٹل کے ذریعے انہیں بھجوادی گئی ہیں۔
نور جہاں نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ کےلئے 9 نمبر اور آریان کےلئے ساڑھے 9 نمبر کی چپل بھجوائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان پشاوری چپل بہت شوق سے استعمال کرتے ہیں جبکہ انہیں کئی فلموں میں بھی پشاوری چپل پہنے دیکھا گیا ہے۔