جسٹس (ر)ناصر الملک آج نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

09:23 AM, 1 Jun, 2018

اسلام آباد: ملک کے نئے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرکے گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئی جس کے بعد نگراں حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔تقریب حلف برداری میں سابق وزیراعظم، سابق کابینہ وقومی اسمبلی ارکان، سینیٹ کے چیئرمین اور ارکان، ججز اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔


نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب آج صبح 11 سے 12 بجے کے دوران ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگی جہاں صدر مملکت ممنون حسین، جسٹس (ر) ناصر الملک سے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔

دوسری جانب آج وزیراعظم ہاؤس سے شاہد خاقان عباسی کی روانگی پر مسلح افواج کے دستے انہیں گارڈ آف آنر پیش کریں گے جبکہ سابق چیف جسٹس ناصرالملک وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنی کابینہ کی تشکیل کا کام مکمل کریں گے۔

مزیدخبریں