برلن: سماجی رابطے کی مایہ ناز ویب سائٹ فیس بک نے مسلم ممالک کے صارفین کا اعداد و شمار جاری کر دیا جس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مسلم ممالک میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کے استعمال میں حیران کن اضافہ ہوجاتا ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیس بک نے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں جن کے مطابق صرف مشرق وسطیٰ کے صارفین 57 ملین سے زائد گھنٹے فیس بک پر صرف کرتے ہیں، جبکہ 244 ملین مسلمان ماہ رمضان کو فیس بک پر مناتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رمضان میں فیس بک کا سب سے زیادہ استعمال رات کے اوقات میں کیا جاتا ہے۔ادھر انسٹاگرام نے بھی اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق ماہ رمضان میں رابطوں کا سلسلہ دیگر مہینوں کی نسبت کافی بڑھ جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں متحدہ عرب امرات کے 76 فیصد صارفین نئے کپڑوں کی خریداری کا منصوبہ بناتے ہیں۔ انسٹاگرام بھی تحائف کی خریداری پر اثر انداز ہوتا ہے۔ سعودی عرب کے 69 فیصد صارفین کے مطابق وہ تحفہ خریدنے کا آئیڈیا انسٹاگرام سے حاصل کرتے ہیں۔