بانڈ گرل موولی پیٹرز کا 75 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا

فلم انڈسٹری کی دنیا میں دھو م مچا نے والی مشہور اداکارہ انتقال کر گئی

06:48 PM, 1 Jun, 2017

لاس اینجلس: بانڈ گرل موولی پیٹرز کا 75 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ آنجہانی اداکارہ نے 1965ء میں بننے والی فلم تھنڈر بال میں شین کونری کے ہمراہ اداکاری کے مرکزی کردار ادا کیے۔ اس فلم کے باعث موولی پیٹرز نے راتوں رات شہرتوں کو چھوا۔ ان کے انتقال کی خبر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے آفیشل اکاؤنٹ سے دی گئی۔ تاہم ابھی تک ان کے انتقال کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔بانڈ گرل موولی پیٹرز 1942ء میں پیدا ہوئیں۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا۔ جیمز بانڈ ڈائریکٹر ٹیرینس ینگ نے ان کی صلاحیتوں سے متاثر ہو کر انھیں فلم تھنڈر بال میں اداکاری کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کیا۔

اس وقت موولی پیٹرز کی عمر 23 سال تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کامیڈی فلم ڈونٹ ریز دی برج، لوئر دی ریور اور 1968ء میں پیش ہونے والے ٹیلی وژن شوز آرم چیئر تھیٹر اور بیکرز ہاف ڈزن میں بھی کام کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جیمز بانڈ کے کردار سے شہرت پانے والے معروف اداکار سر راجر مور کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔ راجر مور کافی عرصہ کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کا انتقال سوئٹزرلینڈ میں ہوا۔ راجر مور 14 اکتوبر 1927 کو لندن میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ہالی ووڈ فلموں میں آنے سے قبل 1950ء میں ماڈلنگ کے شعبے کو اپنایا۔ سر راجر مور نے 1973ء سے 1985ء تک جیمز بانڈ سیریز کی 7 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ ان کی قابل ذکر جیمز بانڈ فلموں دی مین ود دی گولڈن گن، دی سپائی ہو لوڈ می، مون واکر، فار یور آئز اونلی، آکٹوپسی اور اے ویو ٹو اے کل شامل ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں