بیجنگ: چین نے جنوبی کوریا میں امریکی تھاڈ دفاعی نظام کیلئے چار اضافی موبائل لانچرز کی ترسیل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھا ڈ نظام کی تنصیب سے علاقائی تزویراتی توازن اور چین کے مفادات کو ٹھیس پہنچی، یہ اقدام جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کے مخالف ہے،امریکہ اور جنوبی کوریا تنصیب کے فیصلے کو منسوخ کر دیں۔
چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین نے جنوبی کوریا میں امریکی تھاڈ میزائل دفاعی نظام کے لیے چار اضافی موبائل لانچرز کی ترسیل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ چین کو اس واقعے پر گہری تشویش لاحق ہے ، تھاڈ نظام کے حوالے سے چین کا موقف واضح اور مستقل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تھاڈ نظام کی تنصیب کے فیصلے سے علاقائی تزویراتی توازن اور چین کے مفادات کو ٹھیس پہنچی ہے اور یہ اقدام جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کے مخالف ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین تھاڈ کی تنصیب کی سخت مخالفت کرتا ہے اور امریکہ اور جنوبی کوریا پر ذور دیتا ہے کہ وہ اس اقدام سے باز رہتے ہوئے تنصیب کے فیصلے کو منسوخ کر دیں۔
واضح رہے جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل نظام کے لیے پہلے سے نصب کیے گئے دو یونٹس کے علاوہ مزید چار اضافی موبائل لانچرز لائے گئے ہیں جبکہ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ جنوبی کوریا کے صدر مون جیئےاین کو اس اقدام سے بے خبر رکھا گیا ہے۔