افغان بورڈ کا پاکستان کیساتھ کرکٹ تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان

افغان بورڈ کا پاکستان کیساتھ کرکٹ تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان

لاہور: افغانستان کرکٹ بورڈ نے کابل میں دھماکے کے بعد پاکستان کے ساتھ دوستانہ میچز کی سیریز منسوخ کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی 20 سیریز کے انعقاد پر بات چیت جاری تھی لیکن کابل میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد افغان کرکٹ حکام نے پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جرمن سفارت خانے کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں 90 افراد ہلاک اور 400 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کابل دھماکے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے الزامات بے بنیاد ہیں۔

27 مئی کو چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے چیئرمین افغان کرکٹ نے بورڈ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شارجہ میں دونوں ممالک کے درمیان سیریز کھیلنے پر اتفاق ہوا ہے تاہم میچز کی تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ نے کہا شہریار خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بلایا اور بات چیت کی کیونکہ اسپورٹس اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں کھیلوں کو مثبت انداز میں لینا چاہیے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی ملک نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہو بلکہ اس سے قبل پڑوسی ملک بھارت پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سیریز کھیلنے سے انکار کر چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں