اسلام آباد: این اے 57 سے کامیاب امیدوار ن لیگی ایم این اے دانیال چودھری کے وکلاء نے الیکشن ٹریبونل میں سیمابیہ طاہر کی دائر درخواست پر اعتراضات اٹھا دیئے۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دونوں فریقین سے دلائل طلب کر لیئے ۔
راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 کے انتخابی نتائج کیخلاف پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار سمابیہ طاہر کی درخواست پر سماعت ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی۔سمابیہ طاہر کے وکیل ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک اور این اے 57 سے کامیاب امیدوار دانیال چودھری کے وکلاء تنویر اقبال اور محمد یاسر عدالت پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز ہی پر دانیال چودھری کے وکلاء نے سیمابیہ طاہر کی دائر درخواست پر اعتراضات اٹھا دیئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواست میں قانونی تقاضے پورے نہیں لہذا اسے ناقابل سماعت قرار دیا جائے جس پر عدالت نے سماعت پر دونوں فریقین سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت کو ملتوی کر دیا۔