سٹاک ہوم : سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پر دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا۔ مراکش ، ایران ،عراق اور اردن سمیت متعدد ممالک میں شدید احتجاج ہوا۔ مظاہرین نے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
سویڈن میں ہونے والے دلخراش واقعہ پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں گھناؤنے فعل کیخلاف اسلامی ممالک اقدامات پرتبادلہ خیال کریں گے۔
یورپی یونین نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے عمل کو مسترد کردیا ایک بیان میں یورپی یونین نے کہا سوئیڈن واقعہ جارحانہ اور
اشتعال انگیزی کا واضح عمل ہے۔
قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان نے بھی شدید احتجاج کیا ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اظہار رائے اور احتجاج کی آزادی کے لبادے میں
امتیازی سلوک، نفرت اور تشدد کے لیے مشتعل کرنے والے عمل کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے اسلامو فوبیا اور مسلم مخالف نفرت کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے قابل اعتماد اور ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر تہران نے بھی سویڈش ناظم الامور کو طلب کیا ہے اور واقعہ پر شدید احتجاج کیا ہے۔