اداکار انور اقبال کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

11:21 PM, 1 Jul, 2021

کراچی: فلم اور ڈراموں کے معروف اداکار انور اقبال کی نماز جنازہ بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں ادا کر دی گئی۔

انور اقبال کی نماز جنازہ میں کراچی کے سابق ناظم ڈاکٹر فاروق ستار سمیت شوبز کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کو میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

انور اقبال گزشتہ چند روز سے کراچی ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔ سوگواران میں چار بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم اداکار کی اہلیہ کا بھی کچھ ہی عرصہ قبل انتقال ہوا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ان کی علاج کے دوران وائرل تصویر پر انہوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ میری اجازت کے بغیر تصویر میڈیا پر آئی جس سے میری اور میری فیملی کی پرائیویسی متاثر ہوئی ہے۔ 

انور اقبال کو سال 1980 کی دہائی میں معروف نامہ نگار نسیم حجازی کی تحریر کردہ  پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف ڈرامہ سیریل " آخری چٹان  " سے شہرت ملی ۔ انور اقبال کو معروف ٹی وی ڈرامہ سیریل " شمع " سے بے حد پذیرائی ملی ۔انہوں نے پاکستان کی کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔

انور اقبال نے پہلی سندھی فلم " دمال مہا گنج " ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ۔  انور اقبال بلوچستان کے معروف سیاستدان حاجی محمد اقبال بلوچ کے بیٹے تھے ۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سکول میں بطور ٹیچر بھی کام کرتے تھے ۔ 

مزیدخبریں