کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے رہنما عثمان خان کاکڑ کی موت کے اسباب جاننےکے لیے بلوچستان ہائی کورٹ کے 2 ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کردیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکشن میں کہا گیا ہےکہ بلوچستان حکومت نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد ہائی کورٹ کے دو ججز جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کردیا۔
جوڈیشل کمیشن عثمان خان کاکڑ کی موت کے اسباب معلوم کرکے 30 دن میں رپورٹ پیش کرے گا ۔ جوڈیشل کمیشن بلوچستان ٹریبونلز آف انکوئریز آرڈینس 1969کے تحت قائم کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیئر رہنما عثمان خان کوئٹہ میں اپنے گھر میں گر کر شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وہ آئی سی یو میں تھے۔ انہیں کوئٹہ سے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ 21 جون کو انتقال کرگئے تھے۔