بیجنگ: ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی اور بھرپور تعاون پر مبنی ہماری دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے
سرکاری میڈٰیا کے مطابق چین نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کے سو سال پورے ہونے پر تہنیتی پیغام بھیجنے پر وزیراعظم عمران خان کو سراہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے بیجنگ میں ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی اور بھرپور تعاون پر مبنی ہماری دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے اور یہ گراں قدر تذویراتی اثاثہ بن چکی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سات عشروں سے زائد عرصے کے دوران عالمی منظر نامے میں خواہ کتنی بھی تبدیلی آئی ہو لیکن دونوں ملکوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئےایک دوسرے سے تعاون کیا۔
خیال رہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب کے موقع پر چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ صدر شی جن پنگ کی کرپشن کیخلاف جنگ سے پاکستانی متاثر ہیں، انسداد بدعنوانی مہم موثر اور کامیاب ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین تعلقات انتہائی گہرے اور قریبی ہیں جنھیں ہم مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ چین کا بڑی تعداد میں لوگوں کو غربت سے نکالنا بڑا کارنامہ ہے۔ چین نے محض چند سالوں میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔ چین نے غربت کے خاتمے کا اعلان کیا جو غیر معمولی کامیابی ہے۔ پاکستان زرعی ملک ہے اور ہم چین سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ اقدام میں ایک کلیدی منصوبہ ہے، پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے یہ منصوبہ بڑی امید ہے۔ سی پیک منصوبوں کے جائزہ کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی ہے۔ آئندہ ہفتے گوادر کا دورہ کرکے ان منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاک چین تعلقات انتہائی قریبی اور گہرے ہیں لیکن میڈیا اور ثقافتی تعلقات اتنے قریبی نہیں ہوتے جتنے سیاسی تعلقات، آج کی ملاقات کا مقصد میڈیا رابطوں کو فروغ دینا ہے۔