اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں بریفنگ جامع اور اچھی تھی تاہم اجلاس کی تفصیل نہیں بتا سکتا۔
قومی سلامتی کے ان کیمرہ اجلاس کے دوران اپنے چیمبر میں آمد کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سوال وجواب کا سیشن ہوا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ہمارے سوالات کے جواب دیئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بہت سے ایشوز پر بریفنگ دی گئی، آج خارجہ پالیسی اور داخلی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بریفنگ ہوئی، موجودہ صورتحال پر بریفنگ اطمینان بخش ہے تاہم ان کیمرہ اجلاس کی تفصیل نہیں بتا سکتے البتہ بریفنگ جامع تھی، صورتحال پر بہت اچھے انداز میں بریفنگ دی گئی۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ امریکا کو اڈے نہ دینے کے حوالے سے بیان پر کیا کہیں گے جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ وہ تو آپ کو پتہ ہے۔ وزیراعظم کے اجلاس میں نہ آنے سے متعلق سوال پر اپوزیشن لیڈر نے صحافیوں کو کوئی جواب نہیں دیا۔