گجرات: بھارت میں پولیس نے شہری کو تنگ کرنے پر ’دو بھوتوں‘ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع پنچ محل کے خوفزدہ شخص نے بھوتوں پر جان سے مارنے اور کھیتوں میں کام کی اجازت نہ دینے کا الزام لگایا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ خوفزدہ شخص رپورٹ درج کروانے آیا تھا اور اپنی جان بچانے کے لیے پولیس اہلکاروں سے تحفظ کا مطالبہ کررہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے بتایا کہ اسے یقین ہے کہ بھوتوں نے اسے تھانے جانے سے بھی روکا تھا تاکہ وہ ان کے خلاف کیس درج نہ کرے۔
پولیس نے نازک صورت حال دیکھ کر مقدمہ تو درج کرلیا لیکن جب لواحقین سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس شخص کا نفسیاتی علاج چل رہا ہے اور آخری دس دن سے ان سے کوئی دوا نہیں کھائی ہے۔
پولیس اہلکاروں نے اہلخانہ سے درخواست کی کہ وہ اس شخص کی بہتر دیکھ بھال کریں تاکہ وہ غیر ضروری طور پر دوسری بار پولیس سے رجوع نہ کرے۔