اسلام آباد: سندھ کی اہم سیاسی شخصیت اور سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ارباب غلام رحیم نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر لبیک کہتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ ان کے ساتھ خصوصی ملاقات میں کیا۔
ارباب غلام رحیم نے بتایا کہ انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور اس سلسلے میں میری وزیراعظم سے ملاقات خصوصی ملاقات ہوئی جس میں سندھ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے مجھے پارٹی کی مقامی قیادت سے کوآرڈینیشن سمیت مختلف ذمہ داریاں سونپی ہیں۔
گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ارباب غلام رحیم نے پنجاب کا عوام دوست اور ریکارڈ ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کا صوبے کی یکساں ترقی کا ویژن قابل تحسین ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مختصر مدت میں جو کام کر چکے ہیں وہ سابق حکومتیں 70 برسوں میں نہیں کر سکیں جبکہ ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں اور سابق حکمرانوں نے کام کم کیا لیکن ڈھنڈورا زیادہ پیٹا۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم پہلے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ رہ چکے ہیں۔