انسانیت کی خدمت پر پاکستان کے 6 نوجوانوں کو لیڈی ڈیانا ایوارڈ دے دیا گیا

انسانیت کی خدمت پر پاکستان کے 6 نوجوانوں کو لیڈی ڈیانا ایوارڈ دے دیا گیا
سورس: file photo

لندن : انسانیت کی خدمت  پر 6 پاکستانی نوجوان  ڈیانا ایوارڈ کے حقدار قرار   ۔ ایوارڈ حاصل کرنے والو ں میں سکھرکی عائشہ شیخ ، خیبرپختونخوا کی مشال عامر ، کوئٹہ کے عزت اللہ ، لاہورکی یمنیٰ مجید اور حمزہ وسیم شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں انسانیت کی خدمت کرنے والے 6 پاکستانیوں کو ڈیانا ایوارڈ سے نوازا گیا، سکھرکی عائشہ شیخ کو وبا کے دوران تعلیم اور فنڈ ریزنگ پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خیبرپختونخوا کی مشال عامر نے جنوبی کوریا، امریکہ اور پاکستان میں رفاعی اور انسانیت کے لئے کام کیا، مشال عامر نے پاک افغان بارڈر پر خواتین کی خدمت کی، وہ اسکاٹ لینڈ کی 30 بااثر نوجوانوں میں شامل ہیں، انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے قانون میں تعلیم حاصل کی۔

 کوئٹہ کے عزت اللہ کو بچیوں کی تعلیم کے لئے کوششوں پر ایوارڈ دیا گیا جبکہ لاہور کی یمنیٰ مجید اور حمزہ وسیم کو سائنسی تعلیم کے فروغ کے لئے کاوشوں پر سراہا گیا۔

اسی طرح بہاولپور کے محمد عاصم معصوم زبیر کو کورونا وبا کے دوران فلاحی خدمات پر نامزد کیا گیا ہے۔

خیال رہے ’’دی ڈیانا ایوارڈ‘‘ وہ واحد خیراتی ادارہ ہے جو ویلز کی شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا گیا ہے اور اس کے تحت ہر سال ایوارڈ دیئے جاتے ہیں، یہ ایوارڈ دنیا بھر کے 9 سے 25 سال کی عمر کے ان نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے انسانیت کی فلاح و بہبود اور معاشرے کو بہتر بنانے میں نمایاں کام سرانجام دیا ہے۔

اس ادارے کو برطانوی حکومت نے سنہ 1999 میں اس مقصد سے قائم کیا تھا کہ شہزادی ڈیانا کو خراج عقیدت پیش کیا جاسکے اور ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے جو معاشرے میں بچوں کی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔