جدہ :حرمین انتظامیہ نے رواں سال ہونےو الے حج کی تفصیلات جاری کر دیں ،مسجد الحرام میں طواف کیلئے پہلی دفعہ 25 کے قریب ٹریک بنائے گئے ہیں ۔
حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبد الرحمن السدیس نے آپریشنل پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال مقام عرفات کے خطے کا ترجمہ 10زبانوں میں دیا جائے گا،حج کیلئے 10 ہزار کارکنان عازمین حج کی خدمت پر مامور ہونگے ،جن میںصفائی پر مامور 5 ہزار کارکن دن میں 10 دفعہ 60 ہزار لیٹر جراثیم کش سپرے سے مساجد کی صفائی کرینگے ۔
دوسری طرف سعودی عرب میں رواں سال حج کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اورغلاف کعبہ کو تین میٹر اوپر اٹھا دیا گیا ہے جسے حج کے بعد واپس نیچے کر دیا جائے گا۔
سعودی عرب میں مسجد الحرام اورمسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی زیرنگرانی خانہ کعبہ کا غلاف نیچے سے تین میٹر تک اوپر اٹھا دیا گیا ہے جوحج کی تیاریوں کے آغاز میں سے ایک عمل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خانہ کعبہ کے غلاف کو اوپر اٹھانے کے عمل کیلئے 50 سے زائد ماہرین پرمبنی خصوصی ٹیمیں ہیں جبکہ ایک خصوصی سیڑھی بھی ہے جو صرف اس کام کیلئے مختص ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جہاں سے غلاف اوپر اٹھایا گیا ہے وہاں دومیٹرچوڑے سفید کاٹن کے کپڑے سے خانہ کعبہ کو چاروں طرف سے ڈھانپ دیا گیا ہے اور حج کے بعد غلاف کعبہ کوواپس تین میٹرنیچے کردیا جائے گا۔