پیر سے بجلی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی: حماد اظہر کا دعویٰ

04:11 PM, 1 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہےکہ حکومت نے شدید مالی بحران پر قابو پالیا ہے ۔پیر تک آر ایل این جی فراہمی بحال ہونے سے بجلی کی پیداوار میں بہتری آجائے گی ۔

وزیر توانائی حماد اظر نے ٹویٹر پر  بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے موثر اقدامات کے نتیجے میں مالی سال 2020-21میں گردشی قرضے میں پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 360ارب روپے کی کمی متوقع ہے ۔

اس سال گردشی قرضے میں اضافہ صرف 177ارب روپے متوقع ہے جبکہ پچھلے سال یہ اضافہ 538ارب روپے تھا.انکا کہنا تھا کہ پیر تک  آر ایل این جی  کی فراہمی بحال ہونے پر بجلی کی پیداوار میں بہتری آئے گی۔

ایک آر ایل این جی ٹرمینل کی ڈرائی ڈاکنگ اور تربیلا ڈیم میں پانی کے کم بہاؤ کے باعث بعض پاور پلانٹس اپنی پوری صلاحیت پر نہیں چل پا رہے جس کی وجہ سے بعض فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی۔ تاہم ڈرائی ڈاکنگ کا عمل پیر تک مکمل ہوجائے گا اور تربیلا میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔

ہمیں  امید ہے کہ تربیلا ڈیم جو اس وقت اپنی صلاحیت کے لحاظ سے محض چوتھے حصے کی بجلی بنا رہا ہے، بھی آئندہ ہفتے زیادہ بجلی پیدا کرے گا جس سے صورتحال معمول کی جانب لوٹ آئے گی۔

مزیدخبریں