منی لانڈرنگ سے200بے نامی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف، تحقیقات جاری

02:53 PM, 1 Jul, 2021

اسلام آباد : نیب راولپنڈی نے منی لانڈرنگ کے پیسوں سے200بے نامی گاڑیاں خریدنے کے انکشاف کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا اور نادرا سے مدد مانگ لی۔

نیونیوز کے مطابق منی لانڈرنگ کے پیسوں سے 200بے نامی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد نیب راولپنڈی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی خریداری میں جعلی طریقے سےشناختی کارڈاستعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ، جس پر نیب راولپنڈی نےنادرا سےمدد طلب کرلی اور تمام افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گاڑیاں عام لوگوں کے ناموں پرمنگوائی گئیں، گاڑیوں کو ڈرائی پورٹ لاہور پر روک دیا گیا، گاڑیوں میں لینڈ کروزراور پراڈوز شامل ہیں ، جن کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی خریداری میں بڑی نیٹ ورک کےشواہد نیب نے حاصل کر لیے جبکہ کسٹم حکام کے بھی بڑے نیٹ ورک سے رابطے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل نیب راولپنڈی نے کراچی کے رہائشی محمد اکبر نامی مزدور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔

نوٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 2016 اور 2017 کےدرمیان جاپان سےچوری شدہ دو سو گاڑیاں خریدی گئیں، گاڑیوں کی خریداری کیلئے منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی گئی۔

مزیدخبریں