پشاور: سول ایوی ایشن اتھارٹی میں نائب قاصد جعفر کو ریٹائرمنٹ پر ایک دن کے لیے اعزازی ایئر پورٹ مینیجر بنادیا گیا ۔
نیونیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی پشاور میں تعینات جعفر سروس مکمل کرنے کے بعد گزشتہ روز ریٹائر ہو گیا تھا، تاہم اس کی بہترین خدمات اور پوری سروس میں کوئی بھی غلط رپورٹ نہ ہونے پر اعزازی طور پر ایک دن کے لئے ایئر پورٹ منیجر تعینات کیا گیا۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی کے مطابق جعفر نے اپنی پوری سروس میں کبھی کوتاہی نہیں کی اور اسے نہ کبھی شوکاز ملا نہ ہی اسکے خلاف کوئی رپورٹ فائل ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے دن سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے انکی خدمات کو سراہا گیا اور جعفر کے لئے دعوت رکھی گئی۔
جعفر کو ایک دن کے لیے اعزازی ایئر پورٹ مینیجر بھی تعینات کیا گیا اور ایک دن کا اعزازیہ دینے کے بعد پروٹوکول اور سرکاری گاڑی میں نائب قاصد جعفر کو گھر رخصت کیا گیا۔