اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کی کامیابیوں اور اپنی عوام کی بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انھیں جدید دور کا سیاستدان سمجھتا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب کے موقع پر چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا میں چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ صدر شی جن پنگ کی کرپشن کیخلاف جنگ سے پاکستانی متاثر ہیں، انسداد بدعنوانی مہم موثر اور کامیاب ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین تعلقات انتہائی گہرے اور قریبی ہیں جنھیں ہم مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ چین کا بڑی تعداد میں لوگوں کو غربت سے نکالنا بڑا کارنامہ ہے۔ چین نے محض چند سالوں میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا۔ چین نے غربت کے خاتمے کا اعلان کیا جو غیر معمولی کامیابی ہے۔ پاکستان زرعی ملک ہے اور ہم چین سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ اقدام میں ایک کلیدی منصوبہ ہے، پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے یہ منصوبہ بڑی امید ہے۔ سی پیک منصوبوں کے جائزہ کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی ہے۔ آئندہ ہفتے گوادر کا دورہ کرکے ان منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاک چین تعلقات انتہائی قریبی اور گہرے ہیں لیکن میڈیا اور ثقافتی تعلقات اتنے قریبی نہیں ہوتے جتنے سیاسی تعلقات، آج کی ملاقات کا مقصد میڈیا رابطوں کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے دوران گفتگو کرپشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایلیٹ طبقہ فائدہ اٹھاتا جبکہ غریب متاثر ہوتا ہے۔ جس معاشرے میں حکمران طبقے کا احتساب ہو وہ کامیاب ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے نظام کی بھرپور حمایت اور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ دیکھتے ہیں ان کا کوئی نظام کام نہیں کر رہا تو اسے تبدیل کر دیتے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی کی طویل مدت کامیابی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔