ہم کسی کو بھی چین پر دھونس جمانے کی اجازت نہیں دیں گے، صدر شی جن پنگ  

We will not allow anyone to bully China, President Xi Jinping
کیپشن: فائل فوٹو

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ کوئی ہم پر دھونس جمانے کی کوشش نہ کرے، ہم خود پر کسی کو جبر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے بھی چین پر میلی نگاہ ڈالنے کی کوشش کی تو وہ خود کو ایک فولادی دیوار سے ٹکرا کر لہولہان کر لے گا۔

صدر شی جن پنگ نے کسی ملک کا نام لئے بغیر خبردار کیا کہ ہم نہ تو کسی پر ظلم کرتے ہیں اور نہ ہی کسی سے مرعوب ہوتے ہیں لیکن اگر کسی نے ایسا کرنے کی جرات بھی کی تو ہمارے ایک ارب چار کروڑ عوام اس کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی فولادی دیوار بن جائیں گے، جو ایسی حماقت کرنے کی کوشش کرے گا، وہ خود کو خون آلودہ کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی ترقی اور کامیابی میں کمیونسٹ پارٹی نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا، اسے عوام سے الگ نہیں کیا جا سکتا، ایسا کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہونگے۔

چینی صدر نے کہا کہ چین کو صرف سوشلزم ہی بچا سکتا ہے اور مزید ترقی کی منازل طے کرا سکتا ہے۔

انہوں نے دنیا پر واضح کیا کہ تائیوان کو اپنے ساتھ ملانے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، کسی کو بھی ہماری علاقائی سالمیت، قابلیت، عزم، خواہش اور خود مختاری بارے کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی صد سالہ تقریب کیلئے بیجنگ کے مشہور تیان من اسکوائر میں ایک دیوہیکل ٹیلی وژن سکرین لگائی گئی تھی جس کے ذریعے وہاں موجود ہزاروں عوام اور پارٹی کی قیادت نے اپنے محبوب قائد شی جن پنگ کا خطاب سنا جبکہ اسے لائیو بھی ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

اس شاندار تقریب میں محب وطن نغمے چلائے گئے، توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ جیٹ طیاروں نے بھی فضائی مارچ پاسٹ کیا۔