مقبوضہ کشمیر میں مبینہ ڈرون حملہ، پاکستان نے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کردیا  

10:42 AM, 1 Jul, 2021

اسلام آباد: پاکستان نے گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ باتیں جھوٹ اور من گھڑت ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہوئے مبینہ ڈرون حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مبینہ ڈرون حملے پر بھارتی وزیر کشن ریڈی نے انتہائی گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جسے پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں داخلہ امور کے وزیر مملکت کشن ریڈی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ نے کہا تھا کہ جموں ایئر فورس سٹیشن پر ہونے والے ڈرون حملے میں پاکستان کا کردار ہو سکتا ہے جسے خارج نہیں کیا جاسکتا۔

بھارتی ایئرفورس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے جموں ایئر فورس سٹیشن کے ٹیکنیکل علاقے میں ڈرون کے ذریعے مبینہ طور پر دھماکے کئے گئے تھے۔ ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، دوسری طرف دنیا بھر کا میڈیا بھی بھارتی الزامات کو زیادہ توجہ نہیں دے رہا، اس کی وجہ ماضی میں بولے گئے جھوٹ ہیں، جن میں اکثر پاکستان کو ایسے معاملات میں جھوٹ بول کر گھسیٹنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ انڈیا کسی ثبوت کے بغیر پاکستان پر سنگین الزامات لگا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایسے گھناؤنے الزامات عائد کرکے پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے جو بھارتی میڈیا اور اس کی حکومت کی خصوصیت رہی ہے۔

مزیدخبریں