لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود نے کہا ہے کہ ضرورت کے مطابق بیٹنگ میں کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کے لئے تیار ہوں، کافی عرصہ بعد ٹیم میں واپس آنے پر مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباﺅ نہیں ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔
قومی ٹیم کی پریکٹس سیشن کے موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے ابوظہبی لیگ میں تیسرے نمبر پر کھیلا ہوں، لیکن اسی ایونٹ کے دوران میں نے پانچویں نمبر پر بھی بیٹنگ کی، اگر میرے ڈومیسٹک کیریئر کو دیکھیں تو میں نے مختلف پوزیشنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اب بھی اپنی ٹیم کے لئے کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کے لئے دستیاب ہوں گا۔ کھلاڑی اپنے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے کھیلتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں صہیب مقصود نے کہاکہ پانچ سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کے موقع پر مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباﺅ نہیں ہے، دوبارہ غلطیاں نہ دہرانے کے لئے پرعزم ہوں، اس سے قبل مجھے اپنی شاٹ سلیکشن میں ایک مسئلہ درپیش تھا لیکن میں اپنی غلطیوں پر زیادہ سے زیادہ قابو پانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پہلی بار کھیل رہا ہوں لیکن قومی ٹیم پچھلے کئی سالوں میں انگلینڈ کا دورہ کر چکی ہے اس لیے مجھے یقین ہے کہ وہاں کنڈیشنز ہمارے لئے اتنا مشکل نہیں ہو گی۔ اگرچہ انگلینڈ ورلڈ چیمپین ہے لیکن ہم اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کارڈف میں 8 جولائی سے شروع ہونے والی انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے ڈربی میں پریکٹس کر رہی ہے۔
صہیب مقصود کو حالیہ اختتام پذیر ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم میں واپس بلا یا گیا ہے، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 12 میچوں میں 428 رنز بنائے اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔