اسٹاک ایکسچینج حملہ، دہشتگردوں کو افغانستان سے ہدایات ملنے کا انکشاف

07:07 PM, 1 Jul, 2020

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے سے متعلق تحقیقات میں اہم  پیش رفت ہوئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے 4 میں سے ایک دہشت گرد کراچی میں ہی موجود تھا جب کہ 3 دہشت گرد حب کے راستے کراچی آئے تھے۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں موجود ایک دہشتگرد نے 2 سہولت کاروں کے ساتھ حملے کی پلاننگ مکمل کی اور حملہ آور 4 روز قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مکمل ریکی کر چکے تھے۔

تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دہشتگردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، افغانستان کے شہر قندھار سے بھی دہشت گردوں کو ہدایت ملتی رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈز شہید ہو گئے تھے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے تھے۔

مزیدخبریں