ایشز اور ورلڈ کپ کے ہیرو بین اسٹوکس کو کپتانی بھی مل گئی، ویسٹ انڈیز کے خلاف جو روٹ کی غیر حاضری میں وہ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کے ہاں آئندہ ہفتے بچے کی ولادت متوقع ہے، جس کی وجہ سے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لیں گے۔جو روٹ کی غیرحاضری میں بین اسٹوکس پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ جوز بٹلر نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ان کیلئے انگلینڈ کی ایک مرتبہ قیادت بھی بہت بڑا اعزاز ہے اگرچہ انہوں نے کبھی اسے اپنی خواہشات کا حصہ نہیں بنایا۔
بین اسٹوکس کے مطابق انہیں بخوبی علم ہے کہ وہ جو روٹ کی عدم دستیابی کے سبب اس عہدے پر ایک میچ کیلئے فائز ہوں گے اور ایک مرتبہ کپتانی کے اعزاز کے پیش نظر انہوں نے کسی خاص مقصد کا تعین بھی نہیں کیا ہے کیونکہ نئے انگلش کپتان کا علم اسی وقت ہوگا جب جو روٹ کا کیریئر ختم ہو جائے گا۔فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ نے بھی بین اسٹوکس کو کپتان بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بین اسٹوکس کپتان کی عدم موجودگی میں بہترین قیادت کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔
براڈ نے کہا کہ اسٹوکس کی کارکردگی میں گزشتہ چند سالوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وہ کپتانی کے اہل ہیں، ان پر کپتانی کا اضافی دباؤ نہیں ہوگا۔ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز جولائی میں ہوگا اور کورونا وائرس کے باعث بغیر شائقین کے کرکٹ کھیلی جائے گی۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کا آغاز آٹھ جولائی سے ہوگا۔