ایران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے،سعودی عرب

11:13 AM, 1 Jul, 2020


ریاض:سعودی عرب نے عالمی برادری کو باور کرایا ہے کہ ایران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے بارے میں سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے بھی ایران کے علاقائی اور عالمی تخریبی کردار کے حوالے سے ایک پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔سعودی عرب نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ ایران خطے میں توسیع پسندانہ عزائم پرعمل پیرا ہے۔

سعودی عرب کی طرف سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ تہران کا مقصد نہ صرف مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے بلکہ تہران پوری دنیا میں بدامنی کو ہوا دے رہا ہے۔ اس دعوے کے ثبوت کے طورپر بیان میں کہا گیا کہ ایران شام، عراق اور لبنان جیسے عرب ممالک میں اپنی وفادر ملیشیاﺅں کو اسلحہ پہنچا کر دہشت گردی کو عام کررہا ہے۔

سعودی عرب نے اپنے پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کو ایران کی طرف سے دانستہ طورپر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے اسلحہ فراہم کیا گیا۔

حوثی باغیوں نے ایرانی اسلحے سے شہری اہداف پر 1659 حملے کیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے ایرانی ساختہ میزائلوں سے سعودی عرب کی سرزمین کو نشانہ بنایا۔پیغام میں اس بات کی امید ظاہر کی گئی ہے کہ ایران عالمی قوانین کا احترام یقینی بنائے اور ایک اچھے ہمسائے کا طرز عمل اختیار کرے تو اس کے ساتھ جاری تنازعات کو حل کیا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں