مقبوضہ کشمیر : بھارتی افواج نے ایک ماہ کے دوران28معصوم کشمیریوں کاخون بہایا

11:22 PM, 1 Jul, 2019

سری نگر :مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 28معصوم و نہتے بے گناہ کشمیریوں کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران جعلی مقابلوں میں شہید کیا ، شہدا میں دو کم عمر نوجوان بھی شامل ہیں ۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی افواج کی غیرانسانی و غیرقانونی کارروائیوں کے نتیجے میں سات افراد شہید ہوئے جبکہ ایک ماہ کے دوران فوج کی بربریت سے 130افراد شدید زخمی ہوئے ،بھارتی افواج نے نہتے کشمیریوں پر تشدد کے لیے فائرنگ کی ، بدنام زمانہ پیلٹ گنز کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج کرنے کے علاوہ آنسو گیس کے شیل فائر کیے ۔

بھارت کی ریاستی فوج نے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے پر امن مظاہرین میں سے 97کو گرفتار کیا جن میں حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سمیت کم عمر طلبا بھی شامل ہیں ۔

مقبوضہ وادی چنار میں اپنی خوف و دہشت بٹھانے کے لیے قابض افواج نے محلوں ، علاقوں اور قصبوںمیں گھر گھر تلاشی کے نام پر آپریشن کیا جس کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا ۔قابض بھارتی افواج نے گزشتہ ایک ماہ میں 19رہائشی مکانات کو مسمار کر دیا اور اپنی روایتی و وحشیانہ تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک لڑکی کو بھی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔

مزیدخبریں