واشنگٹن: دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
ہفتے کو ایک ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے سمیت دہشت گردوں کی مالی معاونت میں بھی ملوث رہا ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کا پاکستانی حدود سے پکڑا جانا اور اپنے جرائم کا اعتراف کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی تخریب کاری کا منصوبہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کے پکڑے جانے اور احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کے بعد بے نقاب ہو چکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کے لیے بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سر عام خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے کوشاں ہیں۔