سیاست سے نکالنا ہے تو ووٹ سے نکالو، سعد رفیق کی مخالفین کو للکار

04:30 PM, 1 Jul, 2017

لاہور: لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہماری جماعت کا قصور کیا ہے اور ہم نے کیا جرم کیا ہے۔ مسلم لیگ ن عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے لیکن غیر فطری طریقے سے گھر بھیجنے کی کوشش کی جاتی ہے اور آج ایمپائر پاکستان کے آئین اور جمہوریت کا محافظ ہے۔ پاکستان کو ساٹھ کی دہائی میں واپس دھکیلنے کی سازش نا کام ہو گئی اور چار سال سے سازش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا خان صاحب آپ خود گندے ہو گئے ہیں اور ہمیں نااہل کرنا آگ کا کھیل ہے اور ایسا نہ ہو کہ کل آپ کو ہمارے ساتھ ٹرک پر چڑھنا پڑھ جائے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا پنجاب میں گورنر راج کے دوران نواز شریف نے گھر بیٹھنے سے انکار کیا اور ججز بحالی کے وقت عمران خان کیمو فلاج میں تھے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی کی جنگ لڑنے کا کریڈٹ ہم سے کوئی واپس نہیں لے سکتا، عدلیہ غیرجانبدار اور آزاد نہیں ہو گی تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عدلیہ کی آزادی میں ججز نے قربانی دی جو آمریت کیخلاف ڈٹے رہے۔ ہمیں گاڈ فادر کہا گیا لیکن ہم گاڈ فادر نہیں اور اس معاملے پر درخواست دے سکتے تھے مگر ایسا نہیں کیا۔ قوم سے سوال ہے کہ ن لیگ کا کیا قصور ہے؟۔ کیا ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دیکر انصاف کیا گیا تھا؟۔ ذوالفقار بھٹو قبر سے حکومت کرتا رہا۔ ہم آزاد لوگ ہیں زیادہ دیر چپ نہیں رہ سکتے احتساب کا نعرہ لگا کر حکومتیں توڑی گئیں۔ میاں صاحب کو طیارہ سازش کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ اب کچھ سیاسی اور غیر سیاسی عناصر جمہوریت کو چلتا کرنا چاہتے تھے۔

ان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا جو چاہتے ہیں چہرے بدل جائیں وہ ووٹ کے فیصلے کا انتظار کیوں نہیں کرتے اور نواز شریف کا جرم ہے کہ وہ سر نہیں جھکاتا ایٹمی دھماکے کر دیتا ہے۔ نواز شریف ملک کو خوشحالی کے راستے پر ڈالتا ہے اور بجلی گھر بناتا ہے جبکہ ہمیں اس بات کا حق ہے کہ اپنے لوگوں کے جذبات سامنے لائیں۔ اگر سیاست سے نکالنا ہے تو میدان میں آؤ اور ووٹ کی طاقت سے نکالو۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں