اسلام آباد: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں 4 جولائی کو وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کا انعقاد ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سیکریٹریٹ کی طرف سے وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ وزارت پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر کے جامع پلان تیار کرے۔ کھلاڑی اور آفیشلز 4 جولائی کو اسلام آباد آئیں گے اور مقامی ہوٹل میں قیام کریں گے۔ انھیں فول پروف سکیورٹی میں ہوٹل سے وزیراعظم ہاؤس پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ کھلاڑیوں کو وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ایک ایک کروڑ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، فٹنس اینڈ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بولنگ کوچ اظہر محمود کو 50، 50 لاکھ روپے ملیں گے۔
ٹیم منیجر طلعت علی، میڈیا منیجر رضا راشد، سوشل میڈیا منیجر عون زیدی، انچارچ ٹور آپریشنز شاہد اسلم، اینالسٹ طلحہ اعجاز، سکیورٹی منیجر اظہر، فزیو تھراپسٹ شین ہیز اور مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹ کو 25، 25 لاکھ روپے کے انعامی رقم کے چیک دیے جائیں گے۔ انعام حاصل کرنے والے کرکٹرز میں اظہر علی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض شامل ہونگے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں