سانحہ احمد پور، مزید ایک زخمی دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 188 ہو گئی

سانحہ احمد پور، مزید ایک زخمی دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 188 ہو گئی

لاہور: سانحہ احمد پور شرقیہ میں اموات کاسلسلہ رک نہ سکا۔ جناح اسپتال لاہور میں زیر علاج ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ آگ لگنے سے تیرہ سالہ لڑکا سرفراز بری طرح جھلس گیا تھا جو جاں بحق ہو گیا اس کی میت  آبائی علاقے پہنچا دی گئی۔ جناح اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر علاج سولہ زخمیوں میں سے آٹھ کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔

گزشتہ دو دن کے دوران ملتان اور لاہور میں 14 زخمی موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ پٹرول سے لگنے والی آگ کے باعث جھلسنے والے 27 زخمی اس وقت بھی نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق بہاولپور پہنچ گئے انہوں نے وکٹوریہ اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا دورہ بہاولپور دوسری بار منسوخ ہو گیا ہے۔

یاد رہے 25 جون کو صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں