مہنگائی میں کمی کا سہرا حکومت کے سر، 81 ماہ کی کم ترین شرح کا اعلان

مہنگائی میں کمی کا سہرا حکومت کے سر، 81 ماہ کی کم ترین شرح کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جو ایک اہم معاشی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد تک آنا خوش آئند ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے، لیکن یہ صرف ایک آغاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بڑے منصوبے شروع کیے ہیں، اور یہ اقدامات ہمارے ملک کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں گے۔"

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کو حاصل کر کے 24 سال بعد ملک کی معیشت کو بہتر بنایا ہے، جب کہ افراط زر کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد پر آ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی عالمی سطح پر بہترین ہو چکی ہے اور پالیسی ریٹ کو 22 فیصد سے کم کر کے 13 فیصد تک لے آیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ "حکومت کی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔" انہوں نے عوام کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کی مشکلات کے حل کے لیے بھرپور کام کیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئے گی

مصنف کے بارے میں