کرم امن کے لیے کوہاٹ میں جرگہ مکمل، معاہدے پر دستخط

کرم امن کے لیے کوہاٹ میں جرگہ مکمل، معاہدے پر دستخط

ڈی آئی خان:کرم میں امن قائم کرنے کے لیے کوہاٹ میں تین ہفتوں تک جاری رہنے والا جرگہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا، اور دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں طرف سے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاکہ کرم میں امن کی فضا قائم ہو سکے۔

 معاہدے پر دستخط کمشنر کوہاٹ کی نگرانی میں ہوئے، جس کے بعد دونوں فریقین نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرم میں امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ معاہدے میں طے پایا کہ فریقین کرم میں غیر قانونی بنکرز کو ختم کریں گے اور اسلحہ جمع کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، کرم کے راستوں کو کھولنے اور عوامی نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کرے گی۔

ذرائع کے مطابق  حکومت کرم میں سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے 399 ارکان پر مشتمل ایک خصوصی فورس تشکیل دے گی، جو کرم کے راستوں کی حفاظت کرے گی اور امن کے قیام میں مدد فراہم کرے گی۔ معاہدے کا باقاعدہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں کیا جائے گا، جہاں فریقین ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔

اس سے قبل، امن معاہدے پر ایک فریق نے دستخط کر دیے تھے، اور حالیہ جرگے میں دوسرے فریق نے بھی معاہدے کی توثیق کر دی۔ اس معاہدے کے نتیجے میں کرم میں دیرپا امن قائم کرنے کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں، اور تمام فریقین کی جانب سے مکمل تعاون کی توقع کی جا رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں