اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اُن ارکان اسمبلی کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے اب تک اپنے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ فہرست میں اہم سیاستدانوں، بشمول وفاقی وزیر عطا تارڑ اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، کے نام شامل ہیں۔
ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق، وفاقی وزیر عطا تارڑ، مولانا فضل الرحمٰن، رانا محمود الحسن، حامد خان، انوار الحق کاکڑ، ایمل ولی خان، سردار یوسف، شہرام خان، انجم عقیل، شیخ آفتاب، عقیل ملک اور دانیال چوہدری جیسے ارکان اسمبلی نے اپنے گوشوارے ابھی تک جمع نہیں کرائے۔
اس کے علاوہ، شیخ وقاض اکرم، عطا اللہ تارڑ، میاں اظہر، زین قریشی، اعجاز الحق، طارق بشیر چیمہ، اویس لغاری، جمشید دستی، خورشید شاہ، محمود اچکزئی، اختر مینگل اور فاروق ستار کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے 208 ارکان، جن میں حافظ فرحت عباس اور خواجہ عمران نذیر جیسے اہم نام بھی شامل ہیں، بھی ابھی تک اپنے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کروا سکے۔
الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے گوشوارے فوری طور پر جمع کرائیں، ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔