لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق مختلف کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے یشسوی جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں، جو پہلے چوتھے نمبر پر تھے۔
پاکستان کے سعود شکیل 3 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، اور آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ تین درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے، جب کہ محمد رضوان اور سلمان آغا کی رینکنگ میں بھی کمی آئی ہے، دونوں بیٹر 21 ویں اور 23 ویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ باؤلرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریٹ بمرا کا پہلا نمبر برقرار ہے، جبکہ جنوبی افریقا کے مارکو یانیسن 6 درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے نعمان علی ایک درجے تنزلی کے بعد 9 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر برقرار ہے، اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز 4 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔