اسلام آباد : ایف آئی اے اسلام آباد زون نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ کارروائیاں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر کی گئیں، جنہوں نے کشتی حادثات میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد ارشد، سہیب علی حشمت، احمد نواز، ذوالفقار، مظہر خان اور منشا کے نام سے ہوئی ہے۔ ان ملزمان میں سے احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشا 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث تھے۔
ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔