لاہور: ہائیکورٹ نے خرم لطیف کھوسہ کو رہا کرنے کاحکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کے بیٹے سردار خرم لطیف کھوسہ کی رہائی کا حکم جاری کیا۔
قبل ازیں سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے بازیابی کی درخواست دائر کیے جانے کے بعد عدالتی حکم پر سردار خرم لطیف کھوسہ کو شام 6 بجے عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ انہیں کس کیس میں گرفتار کیا گیا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ جو ایف آئی آر آپ کے سامنے رکھی تھی، اسی کیس میں گرفتار کیا گیا۔ پہلے ایف آئی آر ہوئی، پھر انہیں گرفتار کیا گیا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم کا کہنا ہے کہ اس کی گرفتاری کل ہوئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان کی گرفتاری آج ہوئی۔
جسٹس باقر علی نجفی نے سماعت کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو بعدازاں سنا دیا گیا، جس کے مطابق عدالت نے سردار خرم لطیف کھوسہ کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کردی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ پولیس نے گذشتہ روز سردار خرم لطیف کھوسہ کو دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ خرم لطیف کھوسہ کو تھانہ مزنگ پو لیس نے گرفتار کیا ہے۔