اسلام آباد :فافن نے مطالبہ کیا ہےکہ ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق فیصلے جاری کریں۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق فیصلے جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فافن کاکہنا ہےکہ تفصیلی فیصلوں کا اجرا کاغذات مسترد کرنے کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری ہے اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت آر اوز یہ فیصلے جاری کرنے کے پابند ہیں۔ریٹرننگ افسران ایک مخصوص ضابطے کے تحت ہی کاغذات مسترد کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن ضوابط کے خلاف کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر اپنے اختیارات کے استعمال کا حق رکھتا ہے۔
الیکشن نیٹ ورک نے مزید کہا ہے کہ الیکشن 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 12 اعشاریہ 4 فیصد رہی ہے، جو 2018 میں 10 اعشاریہ 4 جبکہ 2013 میں 14 اعشاریہ 6 فیصد تھی۔