کراچی : کار ساز کمپنیوں کےلائسنس دوبارہ معطل کردئے گئے ہیں ۔ عارضی ریلیف کی مدت ختم ہونے پر کار ساز کمپنیوں کےلائسنس دوبارہ معطل کردیے گئے ہیں۔
نگران حکومت میں کارمینیوفیکچررز کےخلاف بڑے ایکشن کے بعد دیے جانے والے عارضی ریلیف کی مدت ختم ہونے پر کار مینیو فکچررز کےعارضی طور پر بحال لائسنس دوبارہ معطل ہوگئے تھے۔ وزارت صنعت و پیداوار نےتین بڑی کار کمپنیوں کے معطل شدہ مینوفیکچرنگ لائسنس 31 دسمبر 2023 تک عارضی بحال کئے تھے جو اب دوبارہ معطل کردیے گئے ہیں۔
ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق کارسازکمپنیوں نےگاڑیوں کی مقامی سطح پر پیداوار نہیں بڑھائی اور دو فیصد ایکسپورٹ سے متعلق شرط پوری نہیں کرپائیں۔کارساز کمپنیاں گاڑیوں کےآلات وسپیئرپارٹس مقامی سطح پر تیار کرنے کی پابند ہیں۔
ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کےمطابق تین بڑی کارکمپنیوں کے مینوفیکچرنگ لائسنس مستقل بحال کرنے سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق کار کمپنیوں نے بزنس پلان جمع کرادیا تھا تاہم ابھی تک جمع کرائے گئے پلان پرفیصلہ نہیں ہوا۔ 31 دسمبر2023 تک کار مینوفیکچررز سے بزنس پلان طلب کیا گیاتھا۔