پاکستان سےفلسطینیوں کیلئےامدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

 پاکستان سےفلسطینیوں کیلئےامدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ
سورس: file

اسلام آباد: فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کیلئے  پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ غزہ کیلئے روانہ کر دی گئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کی گئی،خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے  اورتقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی، فلسطینی سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینئر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔  جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

جلیل عباس نےغزہ میں اسرائیل کی اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت اور فوری جنگ بندی، انصاف، انسانی حقوق کے اصول برقرار رکھنے پر زور دیا۔

نگران وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے، امدادی سامان جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل این ڈی ایم اے نے غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے خصوصی خیمے، کمبل، ادویات اور فوڈ پیک پر مشتمل دو امدادی کھیپیں بھیجی تھیں پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

مصنف کے بارے میں